لاہور:: صوبائی دارالحکومت لاہور کی مقامی عدالت نے سانپ، مگر مچھ سمیت جنگلی جانوروں کے کیس میں رابی پیر زادہ کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق گلوکارہ رابی پیر زادہ، جو شوبز انڈسٹری کو خیر باد کہہ چکی ہیں، نے اپنی زندگی دین اسلام کے لیے وقف کر دی ہے، چند ماہ قبل ویڈیو سامنے آئی تھی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا تھا کہ گلوکارہ سانپ، مگر مچھ سمیت جنگلی جانوروں کے ساتھ نظر آ رہی تھی، ویڈیو کو دیکھنے کے بعد محکمہ وائلڈ لائف نے عدالت سے رجوع کیا۔
عدالت میں کیس کی متعدد سماعتیں ہوئیں، اس دوران محکمہ وائلڈ لائف کی طرف سے رابی پیر زادہ کیخلاف چارج شیٹ بھی پیش کی جبکہ رابی پیر زادہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ رابی پیرزادہ کی جان کو خطرہ ہے وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکتی۔ رابی پیرزادہ کو مسلسل دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔
آج لاہور کی مقامی عدالت کی طرف سے رابی پیر زاد کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، پراسیکیوشن نے ملزمہ کی بریت کی درخواست پر دلائل مکمل کر لیے۔
بیرسٹر حسن خالد رانجھا کا کہنا تھا کہ رابی پیرزادہ کا اس مقدمہ میں کوئی کردار نہیں۔ وائلڈ لائف نے کارروائی پہلے شروع کی ،سرچ وارنٹ بعد میں لیے۔
بیرسٹر حسن خالد رانجھا کا مزید کہنا تھا کہ وائلڈ لائف نے ذاتی رنجش کی بنیاد پر رابی پیرزادہ کو مقدمہ میں ملوث کیا۔ استدعا کرتے ہیں کہ عدالت مقدمہ میں رابی پیرزادہ کو بری کرنے کا حکم دے۔
کیس کے دوران پراسیکیوشن نے وائلڈ لائف نے سرچ وانٹ کی تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع کروائی اور موقف اختیار کیا کہ ملزمہ رابی پیرزادہ نے غیر قانونی طور پر مگر مچھ اور سانپ پالے۔ عدالت ملزمہ کو سزا کا حکم جاری کرے۔
کیس کی سماعت کے بعد عدالت نے رابی پیر زادہ کو بری کرنے کا حکم دیدیا۔