اسلام آباد:: حکومت نے بینکاک ایئرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے ملک میں واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے۔
خیال رہے کہ اس وقت تقریباً 150 کے قریب پاکستانی بینکاک ایئرپورٹ پر موجود ہیں۔ وزارت اوورسیز کے مطابق پاکستانیوں کو بروز ہفتہ رات آٹھ بجے خصوصی طیارے کے ذریعے واپس لایا جائے گا۔
زلفی بخاری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بیرون ممالک پھنسے پاکستانیوں کی ہر ممکن مدد کی جا رہی ہے۔ کرونا کی وبا سے پوری دنیا کا نظام مفلوج ہو چکا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق تمام بیرون ممالک میں مقیم پاکستانیوں پر گہری نظر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے تمام ائیرپورٹ پر انتظامات مکمل اور بیروم ممالک سے آنے والے مسافروں کی ٹیسٹنگ کی سہولیات موجود ہیں۔ ان تمام تر انتظامات کا خود جائزہ لیا ہے۔

