0

بھارت کے پاس اپنے آرمی چیف کا جھوٹا دعویٰ ثابت کرنے کیلیے کچھ نہیں، پاک فوج

اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت کے پاس اپنے آرمی چیف کے جھوٹے دعوے کی حمایت میں کوئی جواز نہیں۔ گزشتہ روز بھارتی آرمی چیف نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی فوج کی جانب سے 3 دہشت گردوں کا لانچنگ پیڈ تباہ کیا گیا آج پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو طلب کرکے بتایا کہ ایل او سی پر کوئی دہشت گردی کیمپ موجود نہیں، بھارت کی طرف سے جو الزام لگایا گیا اس کی درست جگہ بتائیں، بھارت کے پاس معلومات ہے تو دیں تاہم بھارت کی طرف سے اس بات کا کوئی ثبوت نہیں دیا گیا۔پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے ٹویٹر پر کہا ہے کہ بھارت کے پاس اپنے آرمی چیف کے جھوٹے دعوے کی حمایت میں کوئی جواز نہیں، بھارت چاہے تو ہمارے دفتر خارجہ کو اہداف کی نشاندہی کرسکتا ہے، ہم غیر ملکی سفیروں اور میڈیا کو کل متعلقہ اہداف کے مقامات پر لے کر جائیں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ آئیں سب زمینی حقائق دیکھ لیں، بھارتی حکام ہدف بنائی گئی جگہ پر نہیں جانا چاہتے تو مت جائیں ہمارے دفتر خارجہ کے ساتھ اہداف کی جگہ کا حدود اربع (لوکیشن) شیئر کر دیں۔دوسری جانب ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹرمحمد فیصل نے بھی ٹویٹر پر کہا ہے کہ بھارتی سفارت خانے نے ڈی جی آئی ایس پی آر کی پیشکش کا تاحال جواب نہیں دیا، ڈی جی آئی ایس پی آر کی پیشکش پر بھارتی ہائی کمیشن کے جواب کے منتظر ہیں۔ترجمان نے کہا کہ اپنے آرمی چیف کے دعوے کو ثابت کرنے کے لیے بھارتی ہائی کمیشن کے پاس کوئی جواز نہیں، توقع ہے کہ بھارتی حکام جلد جواب دیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں