مقبوضہ کشمیرمیں مظاہرین پر لاٹھی چارج‘ متعدد افراد زخمی‘ بھارت کے جنگی جنون میں اضافہ‘ کنٹرول لائن پر 15ہزار بنکر بنانے کا اعلان۔ کھوئی رٹہ سیکٹر پر بھارتی فوج کی گولہ باری سے 2افراد زخمی‘ پاک فوج کی مؤثر جوابی کارروائی کئی بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ بھارتی فوج نے 80لاکھ کشمیریوں کو مسلسل 119دن سے کرفیو لگا کر محاصرہ کی حالت میں محبوس کر رکھا ہے۔ جس پر عالمی برادری اور عالمی اداروں کی بے حسی اور خاموشی افسوسناک ہے۔ اب بھارت کا جنگی جنون بھی سر چڑھ کر بولنے لگا ہے۔ وسیع پیمانے پر اسلحہ کی خریداری کے بعد اب اس نے کنٹرول لائن پر 15ہزار نئے بنکر تعمیر کرنے کا جو اعلان کیا ہے اس پر عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہئے کیونکہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے جس پر بھارت نے غاصبانہ قبضہ کیا ہوا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں کشمیری بھارت سے آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ جن سے بھارت نے دنیا سے رابطے کی مواصلات کی ہر نعمت چھینی ہوئی ہے۔ مگر وہ تمام ظلم و ستم کے باوجود 9لاکھ بھارتی فوجیوں سے نبروآزما ہیں۔
کنٹرول لائن پر بھی بھارت جارحیت سے باز نہیں آرہا۔ وہاں بھی وہ آئے روز اشتعال انگیز گولہ باری اور فائرنگ کرتا رہتا ہے جس سے سول آبادی کا جانی و مالی نقصان ہوتا ہے۔ گزشتہ روز بھی اس کی گولہ باری سے دو افراد زخمی ہوئے پاکستان نہایت صبروتحمل سے ان اشتعال انگیز کارروائی کا جواب دے رہا ہے۔ عالمی برادری نے اگر بھارت کو ایسی جارحانہ کارروائیوں سے نہیں روکا تو برصغیر کا امن کسی بھی وقت جنگ کے شعلوں کی نذر ہو سکتا ہے۔