اسلام آباد:: شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے کسی جارحیت کی کوشش ہوئی تو پاک افواج تیار ہیں، حملہ آور ہونے کی کوشش پر مناسب جواب دیا جائے گا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی عزائم بھانپتے ہوئے صدر سلامتی کونسل کو ایک اور خط لکھا، ساتویں خط میں بھارت کے ناپاک عزائم کی نشاندہی کی، 4 اقدامات پر صدر سلامتی کونسل کی توجہ دلائی، ایل اوسی پر 5 جگہ سے باڑ کاٹنے کے پیچھے بھارت کے کیاعزائم ہیں ؟ کیا کوئی نیا مس ایڈونچر ہونے جا رہا ہے ؟ اس پر بھی ہمیں تشویش ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا بھارت نے جنوری 2019 سے اب تک 3 ہزار مرتبہ لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی، 300 کے قریب نہتے انسانوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، ہمارے خط کی بنیاد پر اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل میں چین نے اس مسئلے کو دوسری مرتبہ اٹھایا۔