نئی دہلی:: بھارت میں انتہا پسند غنڈوں نے تعلیمی اداروں کوبھی نہ چھوڑا، دلی کی جامعہ ملیہ کے بعد جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طلبا اور اساتذہ بھی نشانے پر آ گئے۔ آر ایس ایس کے شدت پسندوں نے اسٹوڈنٹس یونین کے صدر کا سر پھاڑ دیا، واقعے میں 20 افراد زخمی ہو گئے۔ بالی وڈ اداکارہ سوارا بھاسکر صورتحال بیان کرتے ہوئے رو پڑیں۔
اندھیر نگری چوپٹ راج، جامعہ ملیہ کے بعد جواہر نہرو یونیورسٹی بھی تاراج، مودی کی آشیر باد سے آر ایس ایس کے نقاب پوشوں نے جے این یو پر دھاوا بول دیا۔ فیسوں میں اضافے کے خلاف احتجاج کرتے طلبہ اور اساتذہ کو بد ترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔
ڈنڈوں سے لیس غنڈوں کا تعلق آر ایس ایس کی طلبہ ونگ سے تھا جنہوں نے جواہر لعل یونیورسٹی میں گھس کر کالے قانون کے خلاف مظاہرہ کرتے طلبہ کو بری طرح مارا۔ اسٹوڈنٹس یونین کے صدر ایشے گھوش کا سر پھاڑ دیا، بالی وڈ اداکار ذیشان ایوب نے ویڈیو پیغام میں عوام سے جلد از جلد جے این یو پہنچنے کی اپیل کر دی۔
بالی وڈ اداکارہ سوارا باسکر جواہر نہرو یونیورسٹی کی صورتحال بیان کرتے ہوئے رو پڑیں، دہلی پولیس کی موجودگی میں طلبہ پر ظلم ہوتا رہا جس کے بعد نقاب پوش افراد بغیر رکاوٹ کے واپس بھی چلے گئے۔