0

بھارتی استحصال کے خاتمے کا دن آن پہنچا ہے: فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد:: فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارتی استحصال کے خاتمے کا دن آن پہنچا ہے، وزیراعظم نے کشمیریوں سے وعدہ کیا ہے کہ وہ دنیا میں کشمیریوں کے سفیر بن کر آواز اٹھائیں گے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا مقبوضہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کا قتل عام ہو رہا ہے، مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے، مقبوضہ وادی کے بچے بھارتی ظلم کو برداشت کر رہے ہیں، کشمیر کی مائیں، بہنیں اور بچے پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں، عالمی برادری کی معنی خیز خاموشی دنیا کیلئے کیا پیغام ہے؟۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر میں کھیل کے میدانوں کو فوجی چھاؤنیوں میں بدل دیا گیا، کشمیری بچے آج بھوک سے تڑپ رہے ہیں، سکول اور ہسپتال نہیں جاسکتے، اقوام متحدہ سے دختران پاکستان اپیل کرتی ہیں فیصلوں پر عمل یقینی بنائیں، کشمیری بچوں سے آزادانہ سوچ کا حق چھین لیا گیا، پاکستان کشمیریوں کو اپنے وجود کاحصہ سمجھتا ہے، وزیراعظم نے دلیرانہ انداز میں مسئلہ کشمیر اجاگر کیا۔

ادھر وفاقی وزیرعلی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کشمیر یوں پر ظلم ڈھائے جا رہے ہیں، پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر پیغام میں کہا نام نہاد جمہوریت کے دعویداروں کا سیاہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے، پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ تھی، ہے اور کھڑی رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں