لاہور:: کرونا وائرس کا کھیلوں پر بھی وار، بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے دورہ پاکستان سے معذرت کر لی، ترجمان پی سی بی کہتے ہیں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے ساتھ اس حوالے سے رابطہ نہیں ہوا۔ دوسری جانب آئی پی ایل کو 15 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔
کرونا وائرس کا کھیلوں پربھی خوف طاری، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان سے معذرت کرلی۔ بنگلہ دیش میڈیا کے مطابق کرکٹ ٹیم نے آئندہ ماہ ایک ٹیسٹ اور ایک ون ڈے میچ کھیلنے کیلئے پاکستان آنا تھا تاہم کرونا وائرس کے خدشہ کے پیش نظر کھلاڑیوں کو اپنے وطن تک محدود رکھا جائے گا۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ ابھی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے سیریز کے حوالے سے رابطہ نہیں ہوا، رابطہ ہوتے ہی آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی نئی تاریخوں کا اعلان بھی جلد کیا جائے گا۔ ادھر انڈین پریمئر لیگ کو 15 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا ہے، آئی پی ایل 29 مارچ کو شروع ہونا تھی۔

