راولپنڈی:: راولپنڈی ٹیسٹ میں پاکستان نے بنگلا دیش کو اننگز اور 44 رنز سے شکست دے دی، قومی ٹیم نے 2 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
دوسری اننگز میں بنگلا دیش صرف 168 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی، بنگال ٹائیگر کو 39 رنز پر پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب نسیم شاہ نے سیف حسن کو 16 رنز کے انفرادی سکور پر کلین بولڈ کیا۔ تمیم اقبال 34 رنز بنا کر یاسر شاہ کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
اس موقع پر کپتان مومن الحق نے اپنی ٹیم کے مجموعی سکور کو 100 رنز تک پہنچایا تاہم نجم الحسین شانتو کے 38 رنز پر آؤٹ ہونے سے تیسری وکٹ کیلئے 71 رنز کی قیمتی پارٹنر شپ ختم ہو گئی۔
نسیم شاہ نے شانتو کے بعد تیج الاسلام اور محمود اﷲ کو یکے بعد دیگرے آؤٹ کر کے ٹیسٹ کیریئر کی اولین ہیٹرک کا جشن منایا۔ محمد متھن کو بھی کھاتہ کھولنے کا موقع نہیں ملا۔
کھیل کے چوتھے دن شاہین شاہ آفریدی نے قومی ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا اور بنگلادیش ٹیم کے کپتان مومن الحق کو پویلین کی راہ دکھائی، وہ 41 رنز ہی بنا سکے، 168 رنز پر بنگلادیش کی پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ دوسری اننگز میں نسیم شاہ اور یاسر شاہ نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل بنگلا دیش نے پہلی اننگز میں 233 رنز بنائے تھے، جواب میں پاکستان نے پہلی اننگز میں 445 رنز بنائے، قومی ٹیم کی جانب سے بابر اعظم 143، شاہ مسعود 100، حارث سہیل 75، اسد شفیق 65 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ بنگلا دیش کی جانب سے ابو جاوید، روبیل حسین نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔