0

بلیاں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتی ہیں: سائنسدانوں کا دعویٰ

نیو یارک:: سائنسدانوں نے ایک تحقیق کے دوران انکشاف کیا ہے کہ چین سے جنم لینے والے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا سبب بلیاں بن سکتی ہیں جبکہ کتے، مرغیاں، بطخیں وائرس سے متاثر نہیں ہوتے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین سے پھیلنے والے نئے کورونا وائرس نے دنیا بھر کے سائنس دانوں کو پریشان کررکھا ہے کیونکہ ابھی تک حتمی طور فیصلہ نہیں ہوسکا ہے کہ کورونا وائرس قدرتی ہے یا کسی نے جان بوجھ کر چھوڑا ہے۔

دوسری طرف سائنسدانوں کی جانب سے مسلسل تحقیق جاری ہے، تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ بلیاں تیزی سے کووڈ 19 وائرس کی شکار ہوسکتی ہیں، لہذا ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کو انسانوں اور جانوروں کے درمیان وائرس کی منتقلی کے معاملے پر باریک بینی سے جائزہ لینا ہوگا۔

سائنسی میگزین میں شائع ہونے والی تحقیق کا مقصد پتہ لگانا ہے کہ وائرس کون کون سے جانوروں کو متاثر کرسکتا ہے اور پھر جانور سے انسانوں میں منتقل ہوسکتا ہے، تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ وائرس کتے، مرغیاں اور بطخوں کو متاثر نہیں کرتا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سائنس دانوں کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ کورونا وائرس پھیلنے کا سبب چین میں کھائی جانے والی چمگاڈریں ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وائرس سے متاثرہ ممالک میں سرفہرست امریکا میں چڑیا گھر کے شیروں میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی، جن میں انسانوں سے وائرس منتقل ہوا تھا۔

بوسٹنز برگھم اور وومنز ہسپتال میں وبائیات کے شعبے کے سربراہ ڈینیئل کیورٹزکس کا کہنا ہے کہ کورونا سے متاثرہ افراد کو نہ صرف دوسرے انسانوں سے بلکہ پالتو جانوروں خاص طور پر بلیوں سے بھی دور رہنا چاہیے تاکہ وائرس ان میں منتقل نہ ہو۔

ماہرین کے مطابق سوائے چند ایک بلیوں اور کتوں کے علاوہ اس بات کے ٹھوس شواہد سامنے نہیں آئے کہ پالتو جانور وائرس پھیلانے کا سبب بن سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں