لندن:: برطانیہ میں پارلیمانی انتخابات کے لئے ووٹنگ آج ہو گی، انگلینڈ، ویلز، اسکاٹ لینڈ اور نارتھ آئرلینڈ میں 650 نشستوں پر ووٹ ڈالیں جائیں گے، ووٹنگ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر بارہ بجے ہوگا۔
برطانیہ میں آج ہونے والے انتخابات کے نتائج سے بریگزٹ کے مستقبل کا فیصلہ ہو گا۔ 650 انتخابی حلقوں پر مشتمل برطانوی ایوان نمائندگان کے لیے ٹوٹل تین ہزار تین سو بائیس امیدوار میدان میں ہیں جن میں ستر مسلمان امیدوار بھی شامل ہیں۔
حکومت بنانے کے لیے 326 ارکان کی تعداد درکار ہو گی۔ انگلینڈ، اسکاٹ لینڈ، ویلز اور شمالی آئرلینڈ میں ہونے والے انتخابات میں 4 کروڑ 57 لاکھ سے زائد افراد اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ ووٹنگ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہربارہ بجے ہو گا، جو رات تین بجے تک جاری رہے گا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق نتائج جمعے کی صبح آنا شروع ہو جائیں گے۔ ووٹنگ کےدوران پولنگ اسٹیشن کے اندر سیلفی اور فوٹو لینے پر پابندی ہو گی۔
انتخابات میں کنزرویٹو پارٹی، لیبر پارٹی، لبرل ڈیموکریٹس، گرین پارٹی، اسکاٹش نیشنل پارٹی اور ڈیموکریٹک یونینسٹ پارٹی اہم سیاسی جماعتیں ہیں۔ تاہم اصل مقابلہ دو بڑی جماعتوں برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی کنزرویٹو پارٹی اور اپوزیشن لیڈر جیریمی کوربن کی لیبر پارٹی کے درمیان ہوگا۔
برطانیہ میں آج ہونے والے انتخابات گذشتہ 5 سال کے دوران ہونے والے تیسرے الیکشن ہیں۔ نئے الیکشن کے لیے ووٹنگ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کی درخواست پرکی گئی۔ انہیں امید ہے کہ نئے انتخابات کے ذریعے انہیں عوام دوبارہ زیادہ مینڈیٹ دیں گے جس کے ذریعے وہ بریگزٹ ڈیل اور پارلیمانی ڈیڈلاک کو ختم کر سکیں گے۔