اوتھل:: اورماڑہ سے کراچی جانے والی مسافر کوچ کنڈملیر کے قریب گہری کھائی میں جاگری،جس کے نتیجے میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 11افراد جاں بحق جبکہ 31زخمی ہوگئے،حادثے کی وجہ بریک فیل ہونا بتایاجارہاہے۔
تفصیلات کے مطابق اورماڑہ سے کراچی جانے والی مسافرکوچ بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے صدر مقام اوتھل سے 140کلومیٹر دور کنڈملیر بزی ٹاپ کے مقام پر ٹائربرسٹ ہونے کی وجہ سے گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں کوچ میں سوار سیکیورٹی اہلکاروں سمیت گیارہ افراد جاں بحق جبکہ 31شدید زخمی ہوگئے،حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ریسکیو کا عمل شروع کردیا،نعشوں اورزخمیوں کو اور ماڑہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پرضروری کاروائی کے بعد نعشوں کو آبائی علاقے جبکہ زخمیوں کو کراچی منتقل کردیاگیا۔اسسٹنٹ کمشنر بیلا جمیل بلوچ کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس اورماڑہ سے کراچی جارہی تھی جس میں سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 38 افراد سوار تھے۔جمیل بلوچ نے بتایا کہ اورماڑہ سے کراچی جانے والی بس کوسٹل ہائی وے پر بزی ٹاپ کے قریب بریک فیل ہونے کے باعث گہری کھائی میں جا گری۔انہوں نے بتایا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی لیویز نے پاک فوج، پاک بحریہ اور پاکستان کوسٹ گارڈز کے ہمراہ ریسکیو آپریشن میں حصہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر بیلا نے کہا کہ حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کو اورماڑہ میں پاک بحریہ کے ہسپتال پی این ایس درمان جاہ منتقل کیا گیا۔واضح رہے کہ بزی ٹاپ ایک بہت بڑی چڑھائی ہے جہاں پر اکثر گاڑیوں کو چڑھائی اور اترائی میں حادثات پیش آتے ہیں۔
0