0

انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ: پاکستان اپنے سفر کا اختتام جیت سے کرنے کا خواہشمند

لاہور:: پاکستان آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ میں اپنے سفر کا اختتام جیت سے کرنے کا خواہشمند ہے۔

تفصیلات کے مطابق روحیل نذیر کی زیر قیادت پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ائٓی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020ء کے پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ میچ میں ناکامی کے باعث پاکستان تیسری مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ جیتنے کا خواب پورا نہیں کر سکا۔

دوسری جانب ایونٹ کا دوسرا سیمی فائنل نیوزی لینڈ اور بنگلا دیش کے درمیان کھیلا گیا تھا، جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں بنگلا دیش نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔ ایونٹ میں تیسری پوزیشن کے لیے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ ہوگا، آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020ء میں تیسری پوزیشن کے حصول کے لیے میچ آٹھ فروری بروز ہفتہ کو ولومور پارک بینونی میں کھیلا جائے گا۔

قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کے لیے پر عزم ہے، ٹیم مینجمنٹ کا کہنا ہے کہ سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں کامیابی کے حاصل کر کے بھارت سے شکست کا غم بھلانا چاہتے ہیں۔ میچ کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی متوقع ہے، کمر کی تکلیف کے باعث فاسٹ باؤلر طاہر حسین نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں شرکت نہیں کریں گے۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان ایونٹ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے کے لیے یہ میچ جیتنے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے یکطرفہ شکست کے بعد کھلاڑی دباؤ کا شکار تھے، تاہم ایک روز آرام کے بعد تمام کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس سیشنز میں شرکت کی ہے۔

ہیڈ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ سکواڈ میں شامل ہر فرد آٹھ فروری کو بینونی میں شیڈول میچ جیت کر ایونٹ کا اختتام جیت سے کرنے کا خواہشمند ہے۔

اعجاز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو باور کرایا ہے کہ ہر دن ایک نیا دن ہوتا ہے اور وہ گزشتہ شکست کو ذہن سے نکال کر آئندہ میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے توجہ دیں، مشکل حالات میں مایوسی کی بجائے بہترین اختتام بھی کھلاڑیوں کی ڈویلپمنٹ کا اہم حصہ ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں