نیو یارک:: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے کے حوالے سے چین پر تنقید کرتے ہوئے بیجنگ سے تعلقات ختم کرنے کی دھمکی دی ہے۔
ٹرمپ نے فوکس بزنس کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ہم بہت کچھ کر سکتے ہیں۔ ہم تعلقات منقطع کر سکتے ہیں۔ اگر آپ سارے تعلقات منقطع کر دیں تو آپ 500 ارب ڈالر بچا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ امریکا اور چین کے درمیان دو طرفہ تجارت میں امریکی خسارے کی طرف صاف اشارہ تھا۔ امریکا کچھ عرصے سے چین پر الزام لگا رہا ہے کہ اس نے وبا سے متعلق معلومات کو پوشیدہ رکھا ہے، اس سے معاوضہ لینے کا سوچتا رہا ہے۔ چین نے بار بار ان الزامات کی تردید کی ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میں چین سے بہت ناراض ہوں، ہمارے پاس بہت ساری معلومات ہیں، یہ وائرس چاہے لیب سے آیا ہو یا چمگادڑ سے آیا ہو۔ چین کو اس کو روکنا چاہیے تھا۔
یاد رہے کہ ٹرمپ کی چین مخالف بیان بازی کو کئی افراد نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات کی ایک حکمتِ عملی کے حصے کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔