0

افغانستان: طالبان کے فوجی چیک پوسٹ پر حملے، 14 اہلکار ہلاک

کابل:: افغانستان کے صوبے قندوز میں طالبان نے فوجی چیک پوسٹ پر حملہ کر کے 14 افغان اہلکار ہلاک کر دیئے ان حملوں میں دو زخمی بھی ہو گئے۔

افغان میڈیا کے مطابق صوبے قندوز میں فوجی چیک پوسٹ پر طالبان جنگجوؤں نے دھاوا بول دیا، حملہ آوروں اور اہلکاروں کے درمیان کئی گھنٹوں تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا جس کے دوران 14 فوجی اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔

مقامی طالبان کمانڈرز نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بتایا کہ افغان فوجیوں کا بڑے پیمانے پر جانی نقصان ہوا ہے جبکہ جنگجوؤں نے بھاری مقدار میں اسلحہ اور جنگی ساز و سامان بھی قبضے میں لے لیا اور ایک چوکی پر قبضہ کرلیا ہے۔

دوسری جانب افغان وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں طالبان حملے میں صرف 5 فوجی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ جوابی فائرنگ سے کئی جنگجو مارے گئے اور بچ جانے والے بھاگنے پر مجبور ہوئے تاہم ہلاکتوں کی تعداد اور دیگر تفصیلات فرام نہیں کی گئیں۔

واضح رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان ایک ہفتے کے لیے ایک دوسرے پر پُرتشدد کارروائیوں اور حملوں کو روکنے پر اتفاق کرلیا گیا ہے جس کے بعد طالبان کی جانب سے افغان فوج اور پولیس پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے چیف ایگزیکٹو عبد اللہ عبد اللہ کا کہنا ہے کہ امریکا اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدہ فائنل ہو گیا ہے۔

افغان خبر رساں ادارے کے مطابق عبد اللہ عبد اللہ کا کہنا تھا کہ امریکا اور افغان طالبان کے درمیان امن معاہدے کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ معاہدے پر دستخط کے بعد سات دنوں میں ہونے والے تشدد کمی لائی جائے گی اور ہو سکتا ہے یہ سلسلہ جاری رہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ امن معاہدہ مخالف فریق کے لیے بھی ظاہر کرنے کا ایک موقع ہے کہ وہ (افغان طالبان) ملک میں امن چاہتے ہیں ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں