تہران:: امریکی صدر کے مشرق وسطیٰ منصوبے سے متعلق ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کا کہنا ہے کہ اسرائیل نواز منصوبہ ٹرمپ کی موت سے پہلے ہی ختم ہو جائے گا۔
تہران میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی سپریم لیڈرکا کہنا تھا کہ فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے اوراس کے بارے میں فیصلہ کرنے کا حق بھی انہی کا ہے۔ واشنگٹن اورتل ابیب کون ہوتے ہیں دوسروں کی زمین اور گھروں کا فیصلہ کریں۔ انہوں نے ٹرمپ کے مشرق وسطیٰ کے منصوبے کو بیوقوفانہ اورشیطانی قرار دیا۔
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے پیش کردہ حالیہ فلسطین منصوبے کو مسلم ممالک کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے، فلسطینی صدر محمود عباس نے اس منصوبے کو مسترد کر دیا تھا، چند روز قبل ہونے والے او آئی سی اجلاس میں بھی اس منصوبے کو فلسطینی مفادات کے خلاف قرار دیا گیا تھا۔