لاہور:: اداکار عمر شریف کی صاحبزادی حنا شریف لاہور میں انتقال کر گئیں، وہ گردوں کے مرض میں مبتلا تھیں، نماز جنازہ کل 19 فروری بعد نماز ظہر ادا کی جائے گی۔
اسٹیج و ٹی وی کے معروف اداکار اور پروگرام ہوسٹ عمر شریف کی صاحبزادی کا انتقال ہو گیا ہے۔ حنا شریف گردوں کے مرض میں مبتلا تھیں اور لاہور کے ایک ہسپتال میں زیر علاج تھیں، گردوں میں انفیکشن کے سبب جانبر نہ ہو سکیں۔
عمر شریف ہیوسٹن میں ایک پروگرام میں شرکت کیلئے گئے ہوئے تھے، انھیں بیٹی کے انتقال کی اطلاع نہیں دی گئی، صرف کہا گیا ہے کہ ان کی بیٹی کی حالت خراب ہے۔ اس ضمن میں پروموٹر ریحان صدیقی نے بتایا کہ عمر شریف کو اُن کی بیٹی کے انتقال کا نہیں بتایا گیا، ان کا کہنا تھا کہ بیٹی کی طبیعت اچانک خراب ہونے کا سُن کر عمر شریف نے امریکا میں پروگرام منسوخ کر دیا ہے اور وطن واپس آ رہے ہیں۔