0

احسن اقبال کی گرفتاری سے (ن) لیگ دباؤ میں نہیں آئے گی، مریم اورنگزیب

اسلام آباد:: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ احسن اقبال کی گرفتاری سے ہماری جماعت کو نہ تو کوئی فرق پڑے گا اور نہ ہی ہم کسی قسم کے دباؤ میں آئینگے۔

احسن اقبال کی گرفتاری کے بعد اسلام آباد میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں انہوں نے حکومت پر سخت تنقید کی اور کہا کہ ن لیگ ڈرنے اور جھکنے والی نہیں ہے۔ نااہل اور جھوٹے سچے اور اہل نہیں ہو سکتے۔ ملک کے خلاف سازش کرنے والوں کو سازشی ہی کہیں گے۔ ہم اسی طرح بولیں گے، جو کرنا ہے کرلیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میں نیب کے اس اقدام کی پرزور مذمت کرتی ہوں۔ احسن اقبال کی تین روز قبل ہی سرجری ہوئی تھی لیکن اس کے باوجود انھیں گرفتار کر لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نارووال سپورٹس سٹی منصوبے کی انکوائری ختم ہو چکی تھی، البتہ احسن اقبال نے اس منصوبے کی منظوری نہیں دی تھی۔ احسن اقبال سابق وزیراعظم نواز شریف کے ساتھی ہیں جو ہمیشہ اپنے مؤقف پر ڈٹے رہے اور دن رات محنت سے پاکستانی عوام کی خدمت کی۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک فنڈنگ سے پاکستان کے خلاف سازش کی جا رہی ہے۔ عمران خان نے بیرون ملک سے فنڈنگ لی، اس پر ان کیخلاف آرٹیکل 6 لگنی چاہیے۔ وزیراعظم کی چھٹی ہونے والی ہے، وہ یہ تمام اقدامات ڈر اور خوف کی وجہ سے کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ نیب نے نارووال سپورٹس سٹی پراجیکٹ میں بے ضابطگیوں کے الزام میں ن لیگ کے رہنما احسن اقبال کو گرفتار کر لیا ہے۔ انھیں آج تحقیقات کے لیے طلب کیا گیا تھا۔ انھیں بروز منگل مورخہ 24 دسمبر کو ریمانڈ کیلئے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

لیگی رہنما احسن اقبال کا گرفتاری سے پہلے میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ناکام حکومت پر اٹھنے والی ہر آواز خاموش کرائی جا رہی ہے، ہم دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں