لیہ:: چیئرپرسن احساس پروگرام ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ احساس آمدن پروگرام کے اجرا کا مقصد غریبوں کی آمدن بڑھانا ہے۔ یہ پروگرام لوگوں کی مالی مشکلات کے خاتمہ میں معاون ثابت ہوگا۔
لیہ میں احساس اثاثہ جات منتقلی پروگرام کی تقریب سے خطاب میں ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ 60 ہزار روپے لاگت کے یہ اثاثے مفت دیئے جا رہے ہیں۔ یہ قرضہ نہیں، 60 فیصد اثاثہ جات خواتین کیلئے مختص ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احساس پروگرام کیلئے 15 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔ 23 اضلاع کی 735 پسماندہ ترین یونین کونسلوں میں آغاز ہو چکا ہے۔ 2 لاکھ خاندان مستفید ہوں گے اور 14 لاکھ سے زائد لوگوں کی زندگی پر اثر پڑے گا، اس کو مزید وسعت دیں گے۔
ثانیہ نشتر کا کہنا تھا کہ اوسط آمدن، صحت، تعلیم اور خوراک کے اہداف کو مدنظر رکھ کر اضلاع کی درجہ بندی کی گئی۔ ایسی دیہی یونین کونسلوں کا انتخابات کیا گیا جہاں پہلے کوئی سرکاری پروگرام نہیں چل رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر پسماندہ طبقہ کیلئے مزید چار پروگرام جلد شروع کئے جائیں گے۔ میرٹ اور شفافیت کے ذریعے احساس پروگرام کو آگے بڑھایا جا رہا ہے۔