0

آکلینڈ اوپن: سرینا ولیمز نے امریکی حریف کو آؤٹ کلاس کرکے فائنل جیت لیا

آکلینڈ:: امریکا کی ٹینس سٹار سرینا ولیمز نے فائنل مقابلے میں اپنی ہم وطن حریف جیسیکا پیگولا کو چھ تین اور چھ چار سے شکست دے کر آکلینڈ ٹینس کے فائنل کو اپنے نام کیا۔
خیال رہے کہ سرینا ولیمز نے 2017ء کے بعد پہلی دفعہ کوئی انٹرنیشنل ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔ انہوں نے آکلینڈ ٹینس کا فائنل جیتنے کے بعد اعلان کیا کہ وہ اس سے حاصل ہونے والی انعامی رقم کو آسٹریلیا کے جنگلوں میں لگی آگ سے متاثرہ افراد کی مدد کیلئے وقف کریں گی۔

اس سے قبل ویمن سنگلز کا سیمی فائنل میں سرینا ولیمز اور امانڈہ انیسی مووا آمنے سامنے آئی تھیں۔ سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے تجربہ کاری دکھاتے ہوئے پہلا سیٹ چھ ایک سے جیتا جبکہ دوسرا سیٹ بھی چھ ایک سے ہی اپنے نام کیا۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا میں خوفناک آتشزدگی کے بعد عالمی سطح پر مہم شروع ہو چکی ہے۔ اسی حوالے سے عالمی سطح پر شین وارن اور شاہد آفریدی نے بھی امدادی مہم شروع کی ہوئی ہے۔ اب اس امدادی مہم میں نامور ٹینس سٹار اور امریکا کی سابق عالمی نمبر ون سرینا ولیمز بھی سامنے آ گئی ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلیا میں آتشزدگی پر قابو پانے میں مصروف رضاکاروں کیلئے امریکہ کی نامور ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے رواں سال کے پہلے ٹورنامنٹ میں دستخط شدہ لباس عطیہ کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم آسٹریلیا کے جنگلات میں بھڑکنے والی آگ سے پیدا شدہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے والے فائر فائٹرز کے فنڈز میں استعمال کی جائے گی۔

سرینا ولیمز کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میرے بہت سے دوست چاروں طرف سے افسوسناک صورتحال میں گھرے ہوئے ہیں، میں روزانہ ان سے پوچھتی رہتی ہوں کہ میں ان کیلئے کیا کرسکتی ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں