لاہور:: مسلم لیگ (ن) کے رہنما میاں جاوید لطیف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب آفس پیش ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ جو ریکارڈ مانگا، فراہم کر دیا۔
نیب پیشی کے موقع پر لیگی رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ جو دستاویزات مانگے گئے، وہ فراہم کردیئے ہیں۔ جب بھی بلاتے ہیں، میں حاضر ہو جاتا ہوں، مجھے آنے اور کاغذات فراہم کرنے میں کوئی اعتراض نہیں ہے۔
جاوید لطیف نے اس موقع پر وزیراعظم کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ عمران خان کہتے ہیں مہنگائی مافیا کی وجہ سے ہے۔ آج قوم سوال کرتی ہے کہ آپ حکومت میں ہیں، اس مافیا کا نام لیں، آپ کے خلاف سازش ہو رہی ہے تو سازشیوں کا نام بتائیں۔ آپ جواب نہیں دیں گے تو قوم کو علم ہے کہ مافیا کون ہے۔
لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم اپوزیشن کی تمام جماعتوں سے رابطے میں ہیں۔ اپوزیشن میں اتفاق ہے کہ رواں سال انتخابات ہونے چاہیں۔ پی ٹی آئی کے بہت سے لوگوں سے بھی رابطے میں ہیں۔