لندن:: مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے آرمی ایکٹ بل کی غیر مشروط حمایت کے معاملے پر وضاحت کیلئے رواں ماہ ورکر کنونشن بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
لیگی ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے پارٹی کے اہم رہنماؤں سے رابطہ کیا ہے۔ رابطے کا مقصد پارلیمنٹرین اور پارٹی کارکنوں میں قیادت کی مشاورت کے بغیر آرمی ایکٹ کی غیر مشروط حمایت کی وجہ سے پائے جانے والے خدشات، تحفظات اور غم وغصے کو دور کرنا ہے۔
نواز لیگ کے صدر شہباز شریف نے پارٹی کے اہم رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پارٹی ورکر کنونشن بلائیں تاکہ ممبران اسمبلی اور کارکنوں کے اندر پائے جانے والے تحفظات کو دور کیا جا سکے۔
شہباز شریف نے رہنماؤں کو مزید ہدایت کی کہ وہ کارکنوں کو بتائیں کہ پارٹی نے آرمی ایکٹ کی غیر مشروط حمایت کرکے پاک فوج کو بطور ادارہ ناصرف کمزور ہونے سے بچایا ہے بلکہ اس کو مضبوط بنانے کے لئے اس کی حمایت کی ہے۔
پارٹی صدر نے رہنماؤں کو یہ بھی ہدایت کی کہ وہ کارکنوں کو بتائیں کہ حکومت نے پاک فوج جیسے اہم قومی ادارے کو متنازع بنانے کی بھرپور کوشش کی جس میں وہ ناکام رہی۔ نواز لیگ آج بھی ووٹ کو عزت دو کے بیانیے پر کھڑی ہے۔